راولپنڈی — خصوصی رپورٹ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی اور موجودہ جنگی صورتحال سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔
ایران کے سعودی حملوں کی مذمت
کانفرنس میں سعودی عرب کے پٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ فورم نے قرار دیا کہ یہ حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں جو تنازع کے پرامن حل کی مخلصانہ کوششوں کو سنگین نقصان پہنچا رہے ہیں۔ شرکا نے کہا کہ سعودی عرب نے جو تحمل و برداشت کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی تھی، تاہم بلاجواز جارحیت اس سازگار ماحول کو تباہ کر رہی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان اپنی سکیورٹی، معاشی استحکام اور علاقائی و عالمی حیثیت کو مزید مستحکم بنانے کی جانب گامزن ہے۔
آپریشن عزم استحکام اور دہشت گردی
کانفرنس میں آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھنے کا عزم دہرایا گیا۔ فورم نے واضح کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد عناصر کو بلا امتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیا جائے گا اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کا فیصلہ کن خاتمہ کیا جائے گا۔
کانفرنس میں شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی کی اساس قرار دیا گیا۔

