اسلام آباد |
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران امریکا امن مذاکرات کے موقع پر غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ 9 اور 10 اپریل کو شہر کی متعدد اہم شاہراہیں بند رہیں گی جبکہ ریڈ زون میں عام شہریوں کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہے۔
ٹریفک انتظامات
ٹریفک پولیس کے مطابق زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو تا کورال چوک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے بند رہے گی۔ پشاور سے راولپنڈی آنے والے مسافروں کو ٹیکسلا موٹر وے، چکری اور روات کے راستے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مارگلہ روڈ کے سیکٹرز ایف 6، جی 5، جی 6 اور جی 7 سے راولپنڈی جانے والوں کو نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کو کہا گیا ہے۔ بھاری ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ مکمل بند رہے گا۔
امتحانات جزوی طور پر ملتوی
کنٹرولر امتحانات نے اعلان کیا ہے کہ ریڈ زون میں واقع تین امتحانی مراکز بشمول جی 6/4 اور وزیراعظم اسٹاف کالونی جی 5 میں پیپرز نہیں ہوں گے۔ فیڈرل بورڈ نے کہا ہے کہ ان مراکز کے امتحانات کی نئی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا، تاہم باقی تمام امتحانی مراکز پر شیڈول کے مطابق پیپرز ہوتے رہیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

