سوشل میڈیا ڈیسک | 10 اپریل 2026
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار نے نہ صرف عالمی سطح پر ملک کا قد اونچا کیا بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی فخر و مسرت کی لہر دوڑا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی جانب سے میمز اور وائرل ویڈیوز کا سیلاب آ گیا ہے۔
وائرل ویڈیوز میں اوورسیز پاکستانی اپنے چہرے پر گرین پاسپورٹ ایڈٹ کر کے لگاتے نظر آ رہے ہیں تاکہ دنیا جان سکے کہ امن قائم کرنے والے اس ملک سے ان کا تعلق ہے۔ میمز کا مرکزی پیغام یہی ہے کہ پاکستانی اب دنیا کے کسی بھی کونے میں فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ اس قوم سے ہیں جو دنیا میں امن کی وجہ بنی۔
صارفین کے دلچسپ تبصرے بھی خوب وائرل ہو رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ "گرین پاسپورٹ اب صرف سفری دستاویز نہیں، امن کی علامت بن گیا ہے۔”
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی جسے دونوں ممالک نے قبول کر لیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ذاتی سفارتی کوششیں اس کامیابی میں فیصلہ کن ثابت ہوئیں۔

