اسلام آباد / واشنگٹن —
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف عملی طور پر فتح حاصل کر چکا ہے اور اب مذاکرات کے نتائج کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتے۔ اسلام آباد میں جاری سفارتی مذاکرات کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ "معاہدہ ہو یا نہ ہو، امریکا اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔”
ٹرمپ کے مطابق امریکی فوجی کارروائیوں میں ایران کی اعلیٰ قیادت کا خاتمہ ہو چکا ہے اور اس کی بحری، فضائی اور دفاعی صلاحیتیں شدید کمزور پڑ چکی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے صدر نے بتایا کہ امریکی افواج سمندری بارودی سرنگوں کی صفائی کا آپریشن شروع کر چکی ہیں اور یہ اہم آبی گزرگاہ جلد عالمی تجارت کے لیے کھل جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے چین کو خبردار کیا کہ ایران کو ہتھیار فراہم کرنے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ماہرین ٹرمپ کے ان بیانات کو ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کی حکمتِ عملی قرار دے رہے ہیں۔

