افغان طالبان کی باجوڑ میں سول آبادی پر گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید
پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ میں سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید ہوگئے جب کہ 3 شدید زخمی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں پاکستان کی سول آبادی کو بلا اشتعال نشانہ بنایا۔
اس جارحیت کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور دو بچوں سمیت تین افراد شہید ہوگئے جب کہ تین دیگر شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کررہے تھے تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے یہ دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
اس ناکامی پر مایوس ہوکر افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع بتاتے ہیں کہ پاک فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
ادھر باجوڑ کے مکینوں نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

