نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان اعلان کردہ 10 روزہ جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے خطے میں امن کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
اپنے ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں گوتیرس نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے قیام میں امریکا کے کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ عارضی جنگ بندی فوری طور پر لڑائی روکنے اور دونوں جانب عوام کی تکالیف کم کرنے میں مدد دے گی اور مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔
سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ یہ جنگ بندی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 کی مکمل عملداری کی طرف ایک اہم قدم ہو سکتا ہے، جو لبنان اور اسرائیل کے درمیان طویل مدتی حل کا باعث بن سکتا ہے۔
گوتیرس نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کا مکمل احترام کریں اور بین الاقوامی قانون، بشمول بین الاقوامی انسانی قانون کی پابندی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام خطے میں دیرپا اور جامع امن کی کوششوں کو تقویت دے سکتا ہے۔
یہ 10 روزہ جنگ بندی 16 اپریل کی رات کو نافذ العمل ہوئی تھی، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا۔

