وزن کم رکھنے کا آسان نسخہ سامنے آگیا
طویل رات کا روزہ اور جلدی ناشتہ انسولین کی پیداوار اور چربی جمع کرنے کے نظام کو بہتر بناسکتا ہے۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق وزن کم رکھنے کے دو آسان طریقے ہیں جس میں سب سے پہلے ناشتہ جلدی کریں اور رات کا کھانا بھی جلدی کھاکر دیر تک بھوکے رہیں۔
اسپین کے بارسلونا انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی ٹیم نے 40 سے 65 سال کی عمر کے 7,074 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔
پانچ سال بعد یہ معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے رات کا کھانا جلدی کھایا، ناشتہ بھی جلدی کیا اور دونوں کے درمیان کچھ نہیں کھایا تو ان کا وزن کم رہا۔
محققین کے مطابق اس کی وجہ جسم کی اندرونی گھڑی ہوسکتی ہے۔ جب ہم دن میں جلدی کھاتے ہیں تو یہ جسمانی گھڑی کے مطابق ہوتا ہے جس سے کیلوریز بہتر طریقے سے جلتی ہیں اور بھوک قابو میں رہتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ دیر سے ناشتہ کرنے اور بار بار کھانے سے وزن زیادہ ہوتا ہے جب کہ رات کا لمبا روزہ رکھنے یعنی کھانے کے درمیان طویل وقفہ وزن کم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
محققین نے مردوں کے ایک گروہ کا مشاہدہ کیا جو ناشتہ چھوڑ کر وقفے دار روزہ رکھتے تھے لیکن اس کا ان کے وزن پر کوئی خاص اثر نہیں ہوا۔
تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کہ یہ عادات براہ راست وزن کم کرواتی ہیں لیکن ان کے درمیان گہرا تعلق ضرور ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کیلوریز کم کرنے کے لیے ناشتہ چھوڑ رہے ہیں تو بہتر ہے کہ رات کا کھانا جلدی کرلیں اور ناشتہ ضرور کریں۔
محققین کے مطابق طویل رات کا روزہ اور جلدی ناشتہ انسولین کی پیداوار اور چربی جمع کرنے کے نظام کو بہتر بناسکتا ہے تاہم اس کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

