وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خضدار میں شہید ہونے والی خاتون کانسٹیبل ملک ناز بلوچ پر خراج عقیدت

IMG 20260420 165436


اسلام آباد،: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والی خاتون پولیس کانسٹیبل ملک ناز بلوچ کی بہادری کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بلوچستان کی تاریخ میں پہلی خاتون پولیس کانسٹیبل ملک ناز بلوچ خضدار کے علاقے باجوئی/باغبانہ میں پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئیں۔ اس واقعے میں ایک اور پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل سمیع اللہ بھی شہید ہوا جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔
وزیر اعظم نے شہیدہ کی بلندی درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ "ملک ناز بلوچ نے ارض وطن کی حفاظت کی خاطر بہادری کی مثال قائم کی۔ مجھ سمیت پوری قوم کو بہادر پولیس فورس پر فخر ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔”
شہیدہ ملک ناز بلوچ کا شوہر بھی سال 2010 میں پولیس سروس کے دوران شہید ہو چکا تھا۔ ان کی قربانی کو بلوچستان سمیت پورے ملک میں سراہا جا رہا ہے اور اسے خواتین کی قانون نافذ کرنے والی خدمات میں ایک تاریخی اور بہادر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں پولیس فورس کی قربانیوں کی ایک نئی مثال ہے۔

متعلقہ پوسٹ