امریکی عدالت کا تاریخی فیصلہ: کینیڈی سنٹر سے ٹرمپ کا نام 14 دن میں ہٹانے کا حکم


واشنگٹن، 31 مئی 2026: امریکی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا دھچکا دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ "کینیڈی سنٹر فار پرفارمنگ آرٹس” سے ٹرمپ کا نام 14 دنوں کے اندر ہٹایا جائے۔
واشنگٹن کے وفاقی جج کرسٹوفر کوپر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ "کینیڈی سنٹر کا نام کانگریس نے دیا تھا، اور صرف کانگریس ہی اسے تبدیل کر سکتی ہے۔” عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عمارت سے تمام فزیکل بورڈز اور سرکاری دستاویزات سے "ٹرمپ کینیڈی سنٹر” کے تمام حوالے ختم کیے جائیں۔
یہ مقدمہ ڈیموکریٹک نمائندہ جوائس بیٹی نے دائر کیا تھا۔ واضح رہے کہ 18 دسمبر 2025 کو کینیڈی سنٹر بورڈ نے ادارے کا نام "ٹرمپ کینیڈی سنٹر” رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اگلے ہی روز ٹرمپ کا نام عمارت پر آویزاں کر دیا گیا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل نہیں دیا۔
کینیڈی سنٹر کیا ہے؟
یہ امریکہ کا قومی ثقافتی مرکز ہے جسے کانگریس نے صدر جان ایف کینیڈی کی یاد میں قائم کیا۔ یہ ہر سال 2000 سے زائد تھیٹر، ڈانس، اوپیرا اور موسیقی کی تقاریب کی میزبانی کرتا ہے اور نیشنل سمفنی آرکسٹرا اور واشنگٹن نیشنل اوپیرا کا گھر ہے۔ 1978 سے یہاں ہر سال "کینیڈی سنٹر آنرز” کی تقریب منعقد ہوتی ہے جسے فنونِ لطیفہ کا "آسکر” بھی کہا جاتا ہے۔

متعلقہ پوسٹ