برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دو ریاستی حل کی حمایت کے لیے ایک نئے بین الاقوامی امن فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ کثیر عطیہ دہندگان فنڈ ایسے منصوبوں کی مالی معاونت کرے گا جو مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دیں۔
حکومتوں کے مطابق یہ اقدام جاری سفارتی، انسانی ہمدردی اور ترقیاتی کوششوں کی تکمیل کرے گا اور امن سازی و باہمی مفاہمت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی حمایت کرے گا۔ تینوں ممالک آئندہ تین برسوں میں ابتدائی طور پر ایک، ایک ملین پاؤنڈ (تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر) فراہم کریں گے، اور یہ فنڈ دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے بھی کھلا ہوگا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب غزہ جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی نے دو ریاستی حل کے لیے عالمی سفارتی کوششوں کو دوبارہ تیز کر دیا ہے، جبکہ گزشتہ برسوں میں امن مذاکرات تعطل کا شکار رہے ہیں۔

