بین الاقوامی ڈیسک
پاکستان کے چیف میٹرولوجسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلوں کا تعلق وینزویلا میں آنے والے حالیہ زلزلے سے پیدا ہونے والی زیر زمین توانائی کی لہروں سے ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ لہریں ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کر کے پاکستانی سرزمین تک پہنچ رہی ہیں اور مقامی زلزلوں کو متحرک کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق یہ کوئی نئی یا انوکھی صورتحال نہیں ہے۔ تاریخ میں اس سے قبل 2000 سے 2011 کے دوران بھی ایسا ہی ایک بڑا تسلسل دیکھا گیا تھا جب دنیا کے ایک حصے میں آنے والے شدید زلزلوں نے دور دراز خطوں میں سرگرمیاں بڑھا دی تھیں۔ ماہرین نے اس عمل کو زلزلاتی توانائی کی عالمی منتقلی قرار دیا ہے۔
ماہرین زلزلیات نے وضاحت کی ہے کہ جب کوئی انتہائی طاقتور زلزلہ آتا ہے تو اس سے خارج ہونے والی توانائی زمین کی تہوں میں سفر کرتی ہے اور دوسرے خطوں میں پہلے سے موجود ارضیاتی دباؤ کو متحرک کر سکتی ہے۔ یہ عمل فوری بھی ہو سکتا ہے اور کئی ہفتوں یا مہینوں تک جاری بھی رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ فی الوقت صورتحال قابو میں ہے تاہم ملک کے زلزلہ زدہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی پیشرفت سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

