روس اور امریکہ عالمی سلامتی کے مشترکہ ذمہ دار ہیں: صدر پوتن

pu 040726 d


ماسکو — روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس اور امریکہ، دنیا کی دو بڑی جوہری طاقتوں کی حیثیت سے، عالمی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کی مشترکہ ذمہ داری رکھتے ہیں۔
کریملن کے مطابق، صدر پوتن نے یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی آزادی کے اعلامیے کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر بھیجے گئے مبارکباد کے پیغام میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے اعلامیے پر دستخط نہ صرف ریاستہائے متحدہ کی پیدائش کی علامت ہے بلکہ عالمی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل بھی ہے۔
پوتن نے یاد دلایا کہ روس نے برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف شمالی امریکی نوآبادیات کی جدوجہدِ آزادی کی غیر مشروط حمایت کی تھی، اور یہ کہ ماسکو اور واشنگٹن دونوں عالمی جنگوں کے دوران اتحادی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’ہم دو عالمی جنگوں میں اتحادی تھے، ہم نے مل کر انسانیت کو نازی ازم کے ظلم سے نجات دلائی، اور جدید عالمی نظام کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘
روسی صدر نے امید ظاہر کی کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان تعمیری، مساوی اور باہمی فائدہ مند تعلقات دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ وسیع تر بین الاقوامی برادری کے مفاد میں بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ دنیا کی واحد سپر پاور کے طور پر ابھرا تھا، تاہم روس نے وقت کے ساتھ اپنا عالمی اثر و رسوخ کسی حد تک بحال کیا ہے، اگرچہ امریکہ نے روس پر متعدد بین الاقوامی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جن میں عالمی منڈی میں روسی تیل کی فروخت پر پابندی بھی شامل ہے۔ پوتن کی قیادت میں روس بین الاقوامی امور میں اپنا کردار بڑھانا چاہتا ہے تاکہ امریکہ یکطرفہ طور پر عالمی فیصلوں پر اثرانداز نہ ہو سکے۔

متعلقہ پوسٹ