پاکستان اور ترکیہ کا باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار

IMG 20260704 WA1800


استنبول — وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ہفتے کے روز استنبول میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ "یک جان دو قالب” ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم نے شاندار استقبال پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے استنبول کو مشرق و مغرب کا حسین امتزاج قرار دیا۔ انہوں نے ترکیہ کی جنگ آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں کی حمایت کا ذکر کیا اور یاد دلایا کہ مظفر گڑھ سیلاب کے دوران صدر اردوان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے دی گئی امداد پاکستانی عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی ٹو بی فورم میں ترک تاجروں سے اہم ملاقاتیں ہوئیں اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے موقف کی حمایت اور مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے دوٹوک مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا اور بلوچستان میں حالیہ حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد امن مفاہمتی یادداشت کو خطے کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے اس سے سکھ کا سانس لیا۔ صدر اردوان نے دفاع، توانائی، آئی ٹی، ٹرانسپورٹیشن اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں ترکیہ کی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ اپنی سیاسی بقا کے لیے خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ خطے میں امن اور خوشحالی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ پوسٹ