تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام کے علاقے التنف میں امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائی، پاسداران کے مطابق، "آپریشن نصر 2” کی گیارہویں لہر کے تحت انجام دی گئی، جو امریکی حملوں کے جواب میں کیے جانے والے سلسلہ وار آپریشنز کا حصہ ہے۔
بیان کے مطابق یہ حملہ ایرانشہر کے علاقے بمپور میں شہید ہونے والے ایرانی فوجی اہلکاروں کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا۔
پاسداران کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران ایک ریڈار سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا اور اسپیشل آپریشنز کے لیے استعمال ہونے والے متعدد ہیلی کاپٹر بھی نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیے گئے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔

