کوئی بھی شخص وزن کم کرنے کی کوشش کر رہا ہو یا پٹھوں کی مضبوطی پروٹین سے بھرپور غذا بڑا فرق لا سکتی ہے تاہم پروٹین کے حصول کے لیے بہترین غذا کا انتخاب یقیناً کسی چیلنچ سے کم نہیں انڈا اور ایواکاڈو دونوں ہی پروٹین سے بھرپور ہیں لیکن زیادہ پروٹین والی غذاؤں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ایک مشکل کام ہے۔
پروٹین سے بھرپور غذاؤں کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانا وزن کو متوازن رکھنے، پٹھوں کی مضبوطی اور جسمانی صحت کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں اکثر یہ سوال سامنے آتا ہے کہ انڈے اور ایوکاڈو میں سے پروٹین کے لیے بہتر انتخاب کون سا ہے۔
ایک بھارتی تحقیق کے مطابق ایوکاڈو غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس میں صحت بخش چکنائیاں، فائبر، وٹامنز اور معدنیات پائے جاتے ہیں۔ تاہم پروٹین کے اعتبار سے یہ انڈوں کا متبادل نہیں۔
ایوکاڈو کے فوائد
ایک درمیانے سائز کے ایوکاڈو میں تقریباً 240 کیلوریز، 12 گرام کاربوہائیڈریٹس، 3 گرام پروٹین اور 15 گرام چکنائی ہوتی ہے۔ اس میں وٹامن بی، سی، ای اور کے کے علاوہ پوٹاشیم بھی پایا جاتا ہے۔
ایوکاڈو میں موجود مونو سیچوریٹڈ چکنائیاں دل کی صحت کے لیے مفید سمجھی جاتی ہیں، جبکہ فائبر ہاضمے کو بہتر بنانے، پیٹ بھرنے کا احساس برقرار رکھنے اور بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ایوکاڈو میں موجود مختلف غذائی اجزا جلد اور مدافعتی نظام کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔
انڈے کیوں بہتر پروٹین ذریعہ ہیں؟
دوسری جانب ایک بڑے انڈے میں تقریباً 70 کیلوریز اور 6 گرام پروٹین ہوتا ہے۔ انڈے کو مکمل پروٹین کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں جسم کے لیے ضروری تمام نو امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں۔
انڈوں میں وٹامن بی 12، وٹامن ڈی، کولین اور سیلینیم کے علاوہ لیوٹین اور زیکسانتھین بھی پائے جاتے ہیں، جو بالترتیب دماغی اور آنکھوں کی صحت کے لیے اہم غذائی اجزا ہیں۔
انڈوں میں موجود پروٹین پٹھوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بھی اہم ہے، جبکہ کولین دماغی افعال میں کردار ادا کرتا ہے۔
تو بہتر انتخاب کون سا ہے؟
اگر مقصد زیادہ معیاری پروٹین حاصل کرنا اور پٹھوں کی مضبوطی یا مرمت میں مدد دینا ہے تو انڈے واضح طور پر بہتر انتخاب ہیں۔ دوسری طرف ایوکاڈو پروٹین کا بڑا ذریعہ نہیں بلکہ صحت بخش چکنائی، فائبر، وٹامنز اور معدنیات حاصل کرنے کے لیے زیادہ موزوں غذا ہے۔
لہٰذا دونوں میں سے کسی ایک کو مکمل طور پر منتخب کرنے کے بجائے انہیں متوازن خوراک کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر انڈے پروٹین کی ضرورت پوری کرنے کے لیے جبکہ ایوکاڈو فائبر اور صحت بخش چکنائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

