فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ، جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمانڈر ایس ایس جی نے خوش آمدید کہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مختلف مشنز کے لیے جنگی استعداد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں جدید ترین خصوصی آلات کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا، جبکہ ایس ایس جی کے جوانوں نے خصوصی آپریشنز میں اپنی جنگی مہارت، پھرتی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرائض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، ملکی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ناگزیر ہے۔

