یومِ آزادی پر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے نئے عزم کی ضرورت ہے، صمد عارض

صمد عارض.webp


یومِ آزادی پر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے نئے عزم کی ضرورت ہے، صمد عارض

ہر پاکستانی کو وطن کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے، صمد عارض

لاہور: پاکستان کے معروف فلم پروڈیوسر اور اداکار صمد عارض نے کہا ہے کہ 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو آزادی کی نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔

اپنے بیان میں صمد عارض نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ پاکستان کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کو وطن کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی کردار ادا کیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

صمد عارض نے کہا کہ پاکستانی خوش نصیب ہیں کہ وہ ایک آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں، جہاں انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی بسر کرنے اور اظہارِ رائے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم سے محبت ہر پاکستانی کو متحد رکھتی ہے اور یہی جذبہ قومی یکجہتی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔ اگر آزادی کی اصل قدر جاننی ہو تو ان قوموں کی حالت دیکھنی چاہیے جو غلامی یا جبر کا شکار ہیں، جہاں لوگوں کی آواز دبائی جاتی ہے اور انہیں بنیادی حقوق بھی حاصل نہیں ہوتے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود یہ اللہ تعالیٰ کا بڑا فضل ہے کہ ملک آزاد ہے اور شہریوں کو اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے۔

صمد عارض نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ پاکستانیوں کو اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ یہ ملک ان کا اپنا وطن ہے۔ یہی احساسِ ملکیت، وقار، خوداعتمادی اور وطن سے وابستگی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ