لزبن: لیونل میسی کے والد جارج میسی کے انتقال پر رونالڈو کے تعزیتی پیغام نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے والد کے انتقال پر سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔
اس پوسٹ پر دنیا بھر سے کھلاڑیوں، مداحوں اور دیگر شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات آئے، تاہم پرتگال کے اسٹار فٹبالر رونالڈو کا مختصر مگر دل سے نکلا ہوا پیغام خاص طور پر نمایاں رہا۔
رونالڈو نے میسی اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہمدردی اور صبر کی دعا کی۔ ان کا یہ سادہ مگر مؤثر پیغام سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر مقبول ہوا اور تیزی سے وائرل ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو کے اس تبصرے کو تین دن سے بھی کم وقت میں 64 لاکھ سے زائد لائکس ملے جس کے بعد یہ پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا تبصرہ بن گیا۔
یہ بھی دلچسپ ہے کہ اس سے قبل بھی سب سے زیادہ لائکس کا ریکارڈ رونالڈو ہی کے پاس تھا۔ انہوں نے 2024 میں کیلیان ایمباپے کو ریال میڈرڈ میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے جو تبصرہ کیا تھا، اسے 2025 کے اختتام تک 60 لاکھ سے زائد لائکس ملے تھے، جبکہ اب نیا ریکارڈ اس سے بھی آگے نکل گیا ہے۔

