وزیراعظم نے چھوٹے کاروباری طبقے پر عائد شرط ختم کردی

pmshahbazsharif1755879814 0


وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے کاروباری افراد کیترقی کیلیے حکومتی سرپرستی اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتی ہوئے طویل المدتی فنانسنگ کی سہولت کیلیے 80 فیصد برآمدات کی شرط ختم کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت برآمدات کرنے والے ایس ایم ایز کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احسن اقبال، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ  محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت ذوالفقار علی بھٹی، چئیرمن اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تجارت جاوید حنیف خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ایس ایم ایز کے نمائندوں کے ساتھ حالیہ مشاورتی نشستوں اور ان کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ مشاورتی نشستوں میں ٹیکسوں، ریفنڈز، صوبائی محصولات، ایکریڈیٹیشن، لاجسٹکس، ادائیگیوں اور فنانسنگ سے متعلق مسائل زیرِ بحث آئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں برآمدات سے وابستہ ایس ایم ایز کی تعداد تقریباً 17 ہزار ہے جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے یکم نومبر سے ایس ایم ای سیکٹر کیلئے قرضوں  تک آسان رسائی کے پورٹل کے اجرا کے بعد 10,000 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپورٹ فائنانس اسکیم میں ایس ایم ای سیکٹر اور نئے ایکسپورٹرز کیلئے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہی جبکہ طویل مدتی ترقیاتی فائنانسنگ فیسلٹی (LTGFF) کیلئے اس سال 350 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ افریقی ممالک کو پاکستانی کو برآمدات بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز اور برآمد کنندگان کے لیے رعایتی فنانسنگ اسکیم پر کسی بھی بینک کو عمل درآمد سے انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو طویل المدتی فنانسنگ کی سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے 80 فیصد برآمدات کی شرط ختم کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے حکومتی سرپرستی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،  ایس ایم ایز کی استعداد کار میں اضافے، مہارتوں کی بہتری اور کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ایکریڈیٹیشن کے معیار، لیبارٹریز کی توسیع اور دیگر ضابطہ جاتی طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید لیبارٹریز کے قیام کی  ہدایت بھی کردی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ