وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام محکموں میں ٹی اے ڈی اے، فیول سمیت دیگر غیرضروری اخراجات میں کمی کی تجویز پیش کی ہے، جس سے دو ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے سیکریٹری خزانہ کی غیر ترقیاتی بجٹ برائے مالیاتی سال 27-2026 کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تمام محکموں میں ٹی اے ڈی اے، فیول سمیت دیگر غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی کی تجویز پیش کی جس سے تقریباً 2 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، زرعی شعبے، امور نوجوانان اور پبلک سروس ڈیلوری کے محکموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، اسپتالوں میں ادویات کی خریداری میں پہلی مرتبہ 75 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی جارہی ہے اور ادویات کی خریداری کے عمل کو سینٹرلائز اور شفاف بنایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادائیگیوں کے تمام سسٹم کو آن لائن کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے، ہیلتھ انڈومنٹ اور اسکول ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کے ملازمین کو ایچ بی اے اور ایم سی اے صوبائی حکومت کی رقم سے ادا کرنے کے لیے 70 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے تاکہ چھوٹے سرکاری ملازمین کو اپنے گھر تعمیر کرنے میں مدد مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کے حوالے سے خصوصی اصلاحات کے تحت سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ہائبرڈ گاڑیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں اور پرانی گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔
امجد حسین نے کہا کہ یوتھ اور خواتین کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے، بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو اسکالرشپس دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا اور عوام کی فلاح و بہبود او روسائل کو ان کی دہلیز پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اور اصلاحات کیے جارہے ہیں۔
Source link

