بلاول بھٹو نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں غلط الفاظ کے استعمال پر معذرت کرلی
میرا مقصد دہشت گردی میں ملوث علیحدگی پسند گروہوں کا ذکر کرنا تھا، بلاول بھٹو
اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں الفاظ کے غلط چناؤ پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد علیحدگی پسند اور دہشت گرد گروہوں کی بات کرنا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ روز الفاظ کا غلط انتخاب ہوا، ان کا مقصد دہشت گردی میں ملوث علیحدگی پسند گروہوں کا ذکر کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں علیحدگی پسند گروہ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان دہشت گرد حملے کرتے رہے ہیں تاہم اب مختلف تنظیموں کا گٹھ جوڑ ہوچکا ہے۔ ان تنظیموں کے سہولت کار ہمارے پڑوسی ممالک ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے بلوچستان لبریشن آرمی، سندھ کے قوم پرست گروہوں اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پاکستان مخالف گٹھ جوڑ کا ذکر کیا تھا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ کیا وہ قوم پرست قوموں کو ملک کے خلاف سمجھ رہے ہیں؟
بلاول بھٹو نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں استعمال کیے گئے الفاظ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد قوم پرستوں کی نہیں بلکہ علیحدگی پسند اور دہشت گرد گروہوں کی بات کرنا تھا۔

