"وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کے وفد کی ملاقات، بچوں کے کینسر کے علاج میں تعاون پر اتفاق”

IMG 20250922 WA04841

وائس آف جرمنی (نمائندہ خصوصی )زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت جرمن پیڈریاٹرک آنکالوجسٹ اور نیورو آنکالوجسٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے کی جبکہ اس میں ہیڈلبرگ یونیورسٹی اسپتال، جرمن کینسر ریسرچ سینٹر (DKFZ) اور ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر (KiTZ) کے ماہرین بھی شامل تھےملاقات میں بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کم وسائل کے باوجود علاج کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر پاکستان میں آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ بھی اشتراک کر رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کرانے والا خطے کا پہلا صوبہ ہے۔ لاہور میں صوبے کا سب سے بڑا اور جدید ترین نواز شریف کینسر اسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو جلد عوام کو علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں کینسر کے علاج کے لیے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کی معاونت کو سراہا جائے گا، جبکہ پیڈریاٹرک آنکالوجی کے شعبے میں جرمنی کی جدید ٹیکنالوجی کا خیر مقدم کیا جائے گا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ جرمن اداروں کے ساتھ مشترکہ تربیت اور سائنسی علوم کے تبادلے سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوں گے۔ہیڈلبرگ سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر وسیم بٹ نے کہا کہ لاہور اور ہیڈلبرگ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ہیڈلبرگ کے لارڈ میئر پروفیسر ڈاکٹر ایکارٹ ورزنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب اور ہیڈلبرگ کا باہمی تعاون دونوں شہروں کے عوام کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بچوں کے کینسر کے علاج کا معیار انتہائی قابلِ تحسین ہے اور جرمن و پاکستانی اداروں کے ساتھ تربیت اور ریسرچ کے تبادلے سے مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

متعلقہ پوسٹ