فیفا نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں پر سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا

ارجنٹائن.webp


فیفا نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں پر سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا

ارجنٹائن کو اپنے اگلے دو ہوم میچز محدود تماشائیوں کے ساتھ کھیلنے کا حکم دیا گیا ہے

نیویارک میں ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد اسپین اور ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی کشیدگی پر فیفا نے سخت سزاؤں کا اعلان کردیا۔

فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز کو 10 میچز کے لیے معطل کرنے کے ساتھ 90 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جبکہ ناہوئل مولینا کو 7 میچز کی پابندی اور 90 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

فیفا کے مطابق 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان فائنل ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان پیش آنے والے واقعات کی باقاعدہ تحقیقات کی گئیں، جن کی رپورٹ کی روشنی میں تادیبی کارروائی کی گئی۔

ارجنٹائن کے تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک، ایک میچ کے لیے معطل کیا گیا ہے اور دونوں پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو بھی 3 میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ انہیں 30 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) کو بھی مختلف خلاف ورزیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ کیا ہے۔ الزامات میں کھیلوں کے مقابلے کو غیر متعلقہ مظاہرے کے لیے استعمال کرنا، ٹیم کے نامناسب رویے، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں اور سکیورٹی سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ارجنٹائن کو اپنے اگلے دو ہوم میچز محدود تماشائیوں کے ساتھ کھیلنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دونوں میچز میں اسٹیڈیم کی گنجائش صرف 50 فیصد رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم ایک میچ کی پابندی فی الحال معطل کردی گئی ہے۔

فیفا نے جرمانے کی رقم میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے لیے مختص کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا معطل رکھی گئی ہے۔

فیصلوں کے خلاف فریقین کو اپیل کا حق حاصل ہے۔ فیفا کے مطابق متعلقہ فریق تفصیلی وجوہات پر مشتمل فیصلہ حاصل کرنے کے لیے 10 دن کے اندر درخواست دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو ایک صفر سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ فائنل کے بعد ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر فیفا کی کارروائی نے ٹورنامنٹ کے اختتام کو ایک نئے تنازع سے جوڑ دیا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ