
(24 نیوز)چین کے شمالی علاقے میں 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے غلطی سے 50 گرام وزنی سونے کی ڈلی نگل لی ، جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بیجنگ چلڈرنز ہسپتال کے مطابق بچی نے سونے کی ڈلی نگل لی، تقریباً 6 گھنٹے بعد اسے ہسپتال لایا گیا۔ ایکسرے میں سونے کی ڈلی بچی کے معدے میں موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق سونے کا بار سخت اور وزنی ہونے کے ساتھ ہموار سطح کا حامل تھا، جس کے باعث نظامِ ہاضمہ میں پھنسنے اور معدے کی اندرونی جھلی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا، اس کے نتیجے میں معدے میں سوراخ اور شدید خون بہنے جیسی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی تھیں۔
مزید پڑھیں:زیورات کی دکان میں ڈکیتی چوروں کو مہنگی پڑ گئی
رپورٹ کے مطابق بچی نے گھر میں کھیلتے ہوئے سونے کی ڈلی کو نگل لیا تھا، اہل خانہ اسے ہسپتال لانے سے قبل کئی کلینکس میں لے گئے، تاہم وہاں اس کو فوری طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے نکالنے کی سہولت موجود نہیں تھی۔
ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی کے ذریعے سونے کا بار نکالنے کا فیصلہ کیا، طبی ٹیم نے انتہائی احتیاط سے اسنیر کی مدد سے ڈلی کو پکڑا اور چند ہی منٹ میں اسے بحفاظت اور مکمل حالت میں معدے سے نکال لیا۔
ہسپتال کے مطابق بچی کی حالت اب بہتر ہے اور اس کی تمام اہم جسمانی علامات مستحکم ہیں۔

