اسرائیل کو امریکی فوجی امداد ۵ برس میں ختم کرنے کا منصوبہ، نئی بات چیت شروع

trump yahu87 d


تل ابیب: اسرائیل اور امریکہ کے درمیان فوجی امداد کے نئے معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں۔ اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کے مطابق اسرائیل چاہتا ہے کہ جنوری میں نئی امریکی کانگریس کے حلف اٹھانے سے پہلے معاہدہ طے پا جائے، کیونکہ کانگریس میں سیاسی تبدیلیوں کے بعد امداد جاری رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ معاہدہ ۲۰۲۸ء میں ختم ہوگا، جس کے بعد ۵ سالہ عبوری انتظام زیرِ غور ہے۔ اس کے تحت سالانہ براہِ راست امداد تقریباً موجودہ سطح پر رہے گی، مگر مدت ۱۰ کے بجائے ۵ برس ہوگی اور مجموعی طور پر تقریباً ۱۶٫۵ ارب ڈالر ملیں گے، جس کے بعد یہ سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ موجودہ معاہدے (۲۰۱۸ء) کے تحت اسرائیل کو ہر سال ۳٫۳ ارب ڈالر، یعنی ۱۰ برس میں ۳۳ ارب ڈالر مل رہے ہیں۔
براہِ راست امداد گھٹنے کے باوجود میزائل دفاعی نظاموں (آئرن ڈوم، ڈیوڈز سلنگ اور ایرو) کی مشترکہ تیاری کے لیے امریکی تعاون بڑھانے کی تجویز ہے۔ امریکہ اس مد میں اس وقت سالانہ تقریباً ۵۰ کروڑ ڈالر دیتا ہے؛ نئی رقم ابھی طے نہیں ہوئی۔ مذاکرات میں امریکہ کی جانب سے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا نمائندہ، جبکہ اسرائیل کی جانب سے وزارتِ دفاع اور واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے عہدیدار شریک ہیں۔
اسرائیلی مذاکراتی ٹیم اس وقت حیران رہ گئی تھی جب ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابات کے دن فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ امداد سال کے آخر میں بند ہو جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ نیتن یاہو نے خود امداد ختم کرنے کا خیال پیش کیا، کیونکہ اسرائیل اب ایک کامیاب ملک ہے۔ ایک نامعلوم اسرائیلی عہدیدار کے مطابق یہ بیان بڑی حد تک داخلی سیاست سے متعلق تھا اور مشی گن میں ری پبلکن سینیٹ امیدوار مائیک راجرز کی مدد کے لیے دیا گیا۔ تاہم ڈیموکریٹ امیدوار عبدالالسید، جو اسرائیل کے سخت ناقد سمجھے جاتے ہیں، جیت گئے اور امریکی سینیٹ کے پہلے مسلم رکن بن گئے۔
اسرائیلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکی امداد کا بڑا حصہ امریکی دفاعی صنعتوں اور روزگار میں واپس جاتا ہے، اس لیے کانگریس کے بعض ارکان کٹوتی کے مخالف ہیں۔ نیتن یاہو کی تجویز کے بعد بعض امریکی سینیٹرز نے اسرائیلی حکام سے رابطہ کرکے اس کے نتائج پوچھے۔ ایک عہدیدار نے کہا: ’’ہم امداد کے ماڈل سے شراکت داری کے ماڈل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‘‘
اس معاملے کا پس منظر غزہ جنگ اور امریکی رائے عامہ میں تبدیلی بھی ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اب تک غزہ میں ۷۴ ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ ۷۵ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ تقریباً ۹۰ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ یا متاثر ہوا ہے۔ عوامی جائزوں میں اسرائیل کی حمایت میں کمی اور فلسطینیوں سے ہمدردی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ٹرمپ نے بھی کانگریس انتخابات میں شکست کے بعد تسلیم کیا کہ اسرائیل کے بارے میں بڑھتی ناپسندیدگی ان عوامل میں شامل تھی۔
معاہدے کی تفصیلات ابھی حتمی نہیں ہیں، تاہم مذاکرات سے اشارہ ملتا ہے کہ واشنگٹن براہِ راست مالی امداد بتدریج ختم کرکے دفاعی ٹیکنالوجی اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کا راستہ تلاش کر رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ