ایران امریکا کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان متحرک، فیلڈ مارشل عاصم منیر کل ایران جائیں گے
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے فیلڈ مارشل کے دورے کی تصدیق کر دی ہے
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور دیرپا جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کل ایران کا دورہ کریں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پاکستانی فیلڈ مارشل کے دورہ ایران کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاصم منیر پیر کو تہران پہنچیں گے۔ ان کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے سے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ دورے کے دوران پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز کی ایران کی اعلیٰ قیادت اور دیگر اہم حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان گزشتہ روز ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے ممکنہ اثرات پر گفتگو کی۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سے قبل بھی دو مرتبہ ایران کا دورہ کر چکے ہیں۔ حالیہ دورہ بھی ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان دیرپا جنگ بندی کیلئے سفارتی سطح پر سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

