روس, آن لائن شاپنگ کمپنی کے گوداموں پر ڈرون حملے، 3 بچے ہلاک، متعدد زخمی

ozon1787620068 0


روس کی دوسری بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی اوزون کے کئی لاجسٹک مراکز کو یوکرینی ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا جس کے بعد مختلف علاقوں میں گوداموں میں آگ لگ گئی اور 3 بچے ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

اوزون کے مطابق کراسنودار، داغستان، اسٹاوروپول اور اڈیگیا میں اس کے لاجسٹک مراکز متاثر ہوئے جبکہ بعض مقامات سے ملازمین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق کراسنودار میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 بچے ہلاک ہوئے جن کی عمریں 13، 15 اور 16 سال بتائی گئی ہیں، جبکہ مزید 6 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

داغستان کے شہر مخاچکالا میں اوزون کے ایک لاجسٹک مرکز میں صبح تقریباً 5 بجے ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جبکہ کراسنودار میں بھی کمپنی کے ایک بڑے مرکز میں شدید آگ لگنے کی اطلاع ہے۔

اوزون کے مطابق ایک روز قبل سامارا کے علاقے میں موجود اس کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس میں کمپنی کے متعدد ملازمین زخمی ہوئے تھے۔

حملوں کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ماسکو اسٹاک ایکسچینج میں اوزون کے حصص کی قیمت 12 فیصد تک گر گئی جبکہ اس کے بڑے شیئر ہولڈر اے ایف کے سسٹما کے حصص میں بھی تقریباً 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کی جانب سے معاشی اہداف کو نشانہ بنانے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کیف کے انتہائی حساس معاشی شعبوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین کئی ہفتوں سے روس کی بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی وائلڈ بیریز سے منسلک مراکز کو بھی نشانہ بنا رہا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ وہاں فوجی استعمال کی اشیا کے اجزا فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم ماسکو اس الزام کی تردید کرتا ہے۔

 





Source link

متعلقہ پوسٹ