عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے شہر قائد میں تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند ہوگا اور صرف خصوصی پاس کی حامل گاڑیوں کو ایم اے جناح روڈ پر داخلے کی اجازت ہوگی۔
پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے کے قریب برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے گزرتا ہوا گلزار حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
دیگر دو جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوں گے۔ ایک جلوس مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا اور عصر کے وقت آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
دوسرا جلوس نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے نکالا جائے گا اور شام 6 بجے نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس ختم ہونے پر نشتر پارک میں میلادالنبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوگی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوسوں کے دوران عوام کسی زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔ ڈائیورژنز پر ٹریفک پولیس کے اہلکار عوام کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کے چلنے پر پابندی ہوگی۔

