راولپنڈی محمد سلیم سے — پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران فیلڈ مارشل نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مستحکم بنانے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے انفرااسٹرکچر کے تحفظ، مؤثر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بروقت ردعمل کو اس عمل کا کلیدی جزو قرار دیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انسانی جانوں اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نقصانات کو کم سے کم سطح پر رکھا جا سکے۔

