
(ویب ڈیسک )دنیا کے سب سے بڑے اور مشہور مسافر طیاروں میں شمار ہونے والے ایئربس A380 کا دور اختتام کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، آسٹریلیا کی قنطاس ایئرویز نے اپنے 10 سپر جمبو طیاروں کو 2028 کے وسط سے مرحلہ وار ریٹائر کرنے کا اعلان کردیا۔
رائٹرز کے مطابق قنطاس نے A380 کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ منصوبے سے تقریباً چار سال پہلے کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ طیاروں کو پرواز کے قابل رکھنا مسلسل مہنگا اور پیچیدہ ہوتا جارہا ہے، جبکہ A380 کی پیداوار 2021 میں بند ہوچکی ہے اور اس کے پرزوں کی سپلائی میں بھی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
ایئربس نے A380 کو طویل فاصلے کی پروازوں کے شعبے میں بوئنگ 747 کی بالادستی کو چیلنج کرنے کیلئے تیار کیا تھا۔ دو منزلہ اور چار انجنوں والا یہ طیارہ زیادہ سے زیادہ 853 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
A380 نے 2007 میں سنگاپور ایئرلائنز کے ساتھ کمرشل پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ ایئربس نے مجموعی طور پر 251 A380 طیارے تیار کیے، تاہم 2021 میں اس کی پیداوار ختم کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب کے بعد ایک اور خطرہ! جھیل پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا
A380 کو مقبولیت حاصل ہونے کے باوجود اس کے زیادہ ایندھن اور دیکھ بھال کے اخراجات بڑی رکاوٹ ثابت ہوئے۔ اس کے علاوہ 500 سے زائد نشستوں والے طیارے کو مسلسل مکمل مسافروں کے ساتھ چلانا بھی بیشتر ایئرلائنز کیلئے مشکل تھا۔
جدید اور زیادہ ایندھن مؤثر بوئنگ 787 اور ایئربس A350 جیسے دو انجنوں والے طیاروں کی آمد نے بھی A380 کی معاشی اہمیت کو مزید کم کردیا، جبکہ کورونا وبا نے اس طیارے کے زوال کو مزید تیز کردیا۔
وبا کے دوران قنطاس نے اپنے A380 بیڑے کو 500 سے زائد دنوں تک گراؤنڈ رکھا تھا اور طیاروں کو کیلیفورنیا اور ابوظہبی میں طویل مدتی اسٹوریج میں رکھا گیا تھا۔
دنیا کی متعدد بڑی ایئرلائنز پہلے ہی A380 کو ریٹائر کرچکی ہیں۔ ایئر فرانس نے 2020 میں اپنے 10 A380 طیارے سروس سے نکال دیے، جبکہ چائنا سدرن ایئرلائنز نے 2022 کے آخر میں اپنے پانچ اور ملائیشیا ایئرلائنز نے 2023 میں اپنے چھ A380 طیارے ریٹائر کیے۔
ایئربس کے مطابق جولائی تک فراہم کیے گئے 251 طیاروں میں سے 196 اب بھی سروس میں ہیں۔
A380 کا سب سے بڑا آپریٹر اب بھی ایمریٹس ہے، جس کے بیڑے میں 116 طیارے موجود ہیں، جو دنیا بھر میں فراہم کیے گئے مجموعی A380 طیاروں کا تقریباً نصف بنتے ہیں۔ سنگاپور ایئرلائنز اور برٹش ایئرویز کے پاس بھی 12،12 A380 طیارے موجود ہیں۔
ایمریٹس نے A380 کو 2040 کی دہائی تک پروازوں میں برقرار رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاہم دیگر ایئرلائنز 2030 کی ابتدائی دہائی سے اس طیارے کو مرحلہ وار اپنے بیڑے سے نکالنے کی توقع رکھتی ہیں۔
یوں کبھی بوئنگ 747 کو چیلنج کرنے اور دنیا کے آسمانوں پر اپنی جسامت سے سب کو حیران کرنے والا A380 اب جدید، کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کے سامنے اپنی جگہ کھوتا جارہا ہے۔

