بشکیک: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں کہا کہ جون میں طے پانے والا امریکہ-ایران جنگ بندی معاہدہ غیر مستحکم اور نازک ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے تہران کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
پوتن نے بتایا کہ روس اور ایران کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون گزشتہ سال کی رفتار سے جاری ہے، جبکہ یوریشین اکنامک یونین اور ایران کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ تعلقات کو مزید تقویت دے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رواں تعلیمی سال روس میں مقیم ایرانی طلباء کی تعداد تقریباً 9000 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 802 کو روسی حکومت کی مالی معاونت حاصل ہے۔
جواب میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران یک قطبی عالمی نظام کے خلاف روسی موقف کی حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو "اسٹریٹجک” قرار دیا جو امریکہ کا مقابلہ کرنے میں مددگار ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن کے ساتھ کشیدگی میں ایران کی کامیابی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات ایس سی او کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر بشکیک میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران ہوئی۔

