لاہور:
لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کے متعدد سیکشنز پر ٹریفک بند کردی گئی تھی، ایم 3 کو حد نگاہ بہتر ہونے پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 4 پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک بند کردی گئی ہے، جبکہ شورکوٹ سے عبدالحکیم تک کا حصہ بھی شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انٹرچینج سے شمالی سمت جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے، اسی طرح شورکوٹ سے جنوب اور عبدالحکیم سے شمال کی جانب جانے والی گاڑیوں کو بھی متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ایم 4 کے دیگر تمام سیکشنز شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 3 پر بھی رجانہ سے پیر محل انٹرچینج تک ٹریفک بند کی گئی تھی جو بعد میں بحال کر دی گئی۔
سید عمران احمد نے کہا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو ترجیح دیں۔
انہوں نے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ فوگ لائٹس استعمال کریں اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھیں۔

