کراچی، شاہراہ فیصل، ریڈ زون اور اہم سڑکوں کو ایک ہفتے میں چمکانے کا بڑا پلان تیار
شاہراہوں پر صفائی اور تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ شجرکاری بھی کی جائے گی
شہر کی اہم شاہراہوں اور ریڈ زون کی خوبصورتی، صفائی اور تزئین و آرائش کے لیے جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے کے اندر بہتری کے تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور مختلف علاقوں میں جاری اور مجوزہ کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شاہراہ فیصل اور ریڈ زون کی تزئین و آرائش کا کام بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے تعاون سے شروع کردیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں نے بہتری کے کاموں کے لیے موجودہ صورتحال کا سروے بھی مکمل کرلیا ہے۔
فیصلے کے مطابق ایف ٹی سی سے کارساز تک تزئین و آرائش کے کاموں کی نگرانی اے سی ہیڈ کوارٹرز اقرا جنت کریں گی، جبکہ کارساز سے ایئرپورٹ تک کے علاقوں میں جاری کاموں کی نگرانی اے سی رابعہ سید کے سپرد کی گئی ہے۔
اجلاس میں شاہراہ فیصل اور ریڈ زون میں موجود کھلے مین ہولز فوری طور پر بند کرنے، فٹ پاتھوں کی مرمت کرنے اور سڑکوں کے اطراف قائم تجاوزات کو فوری ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ٹی سی سے ایئرپورٹ تک صفائی، سڑکوں کے پیچ ورک اور عمارتوں کے سامنے والے حصوں پر رنگ و روغن کے لیے 250 سے زائد کاموں کی نشاندہی کرلی گئی ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہر کی دیگر اہم شاہراہوں کو بھی ماڈل روڈز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بوٹ بیسن سے بلاول چورنگی، دعا چوک سے ڈولمن چورنگی اور شان سرکل سے بوٹ بیسن تک سڑکوں کی خوبصورتی اور بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
ان شاہراہوں پر صفائی اور تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ شجرکاری بھی کی جائے گی تاکہ کراچی کی اہم سڑکوں کو زیادہ خوبصورت، صاف ستھرا اور شہریوں کے لیے بہتر بنایا جاسکے۔

