واشنگٹن،
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ ڈلاس روانگی سے قبل ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے پوتن کے ساتھ حالیہ رابطے کو ”بہت اچھی گفتگو“ قرار دیا اور اشارہ دیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک اور دوطرفہ ملاقات ہو سکتی ہے، تاہم اس کا وقت یا مقام نہیں بتایا۔
ٹرمپ نے یوکرینی صدر زیلنسکی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بھی معاہدے کے لیے تیار ہوں تو یہ اچھی پیش رفت ہوگی۔ امن معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹرمپ نے کہا کہ اصل مسئلہ پوتن اور زیلنسکی کے درمیان ذاتی کشیدگی اور ایک دوسرے سے ناپسندیدگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق طویل جنگ سے تھک چکے ہیں اور مسلسل ہلاکتوں کے باعث معاہدے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ جنگ میں 25 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ تاہم ٹرمپ نے پوتن سے حالیہ گفتگو کی تاریخ، دورانیہ یا زیر بحث تجاویز سے متعلق کوئی تفصیل نہیں بتائی، اور یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ ماسکو اور کیف کن شرائط پر معاہدے کے لیے تیار ہیں۔

