ماسکو — روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین میں یورپی ممالک کی فوجوں کی تعیناتی کا مطلب روس کے ساتھ براہ راست جنگ ہوگا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق پوتن نے جمعہ کو کہا کہ یورپ اپنے ممالک کو روس کے ساتھ جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوتن نے کہا: "وہ اس وقت بات کر رہے ہیں کہ یوکرین میں فوجی کیسے بھیجے جائیں۔ اس کا مطلب روس کے ساتھ جنگ ہے۔” انہوں نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ یوکرین کو "استعمال” کرکے روس کو "ختم” کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: "پہلے قفقاز میں دہشت گردوں اور علاحدگی پسندوں کو استعمال کیا، پھر دوسرے ذرائع سے، اور اب یوکرین میں نو نازی حکومت کے ذریعے۔ پھر بھی، یہ رکتا نہیں۔”
تاہم پوتن نے یہ بھی واضح کیا کہ ماسکو یورپی ممالک کو دھمکی نہیں دے رہا اور نہ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے "یورپی اشرافیہ” پر الزام لگایا کہ وہ اپنی عوام کو روس سے آنے والے "فرضی خطرے” سے ڈرا رہی ہے، اور کہا کہ روس اور یورپ کے درمیان تنازعے کی کوئی بنیاد نہیں۔
پوتن نے مزید خبردار کیا کہ یورپ کی توانائی پالیسی کی غلطیوں کے باعث صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، جبکہ روس اپنے توانائی کے وسائل مارکیٹ کی بنیادی قیمتوں پر فروخت کرتا ہے۔

