کراچی:
گلستانِ اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹر ضلع وسطی میں سرکاری اسکولوں کے طلباء کے لیے تین روزہ ‘یقین بیج’ تربیتی کیمپ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا، طلباء نے ہائیکنگ، فرسٹ ایڈ، آگ بجھانے اور بغیر چولہے کے کھانا پکانے کی عملی تربیت حاصل کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ کیمپ 8 تا 10 ستمبر ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ کمشنر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواز علی شاہ جیلانی کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا۔ کیمپ کی قیادت اسسٹنٹ اسکاؤٹ کمشنر و ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق علی نے کی، اسکاؤٹ سیکریٹری بشریٰ احسن اور اسکاؤٹ آرگنائزر شبانہ زاہد کی کاوشوں سے تمام سرگرمیاں انجام پائیں۔
تربیتی کیمپ میں اسکاؤٹ سیکریٹری، سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن سید اختر میر نے خصوصی شرکت کی اور ضلع وسطی میں اسکاؤٹنگ کے فروغ کے لیے ڈی ای او اور ڈپٹی ڈی ای او کی حوصلہ افزائی کی۔
کیمپ کے دوران ڈی ایس ایلز کی جانب سے طلباء کو تعلیمی و عملی سیشنز دیے گئے، جن میں گرہیں باندھنا، رسیوں سے ڈھانچے (Lashing) بنانا، ہائیکنگ، چولہے کے بغیر کھانا پکانا اور مختلف کھیل شامل تھے۔
کسی بھی ہنگامی اور اضطراری صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ریسکیو 1122 سندھ کی ٹیم نے طلباء کو باقاعدہ عملی مشقیں کروائیں۔ اسکاؤٹس کو آگ بجھانے کی جدید تدابیر، ابتدائی طبی امداد دینے اور ریسکیو تکنیکس کی سمیولیشن مشقیں کروائی گئیں۔
کیمپ کے اختتامی سیشن میں منتظمین نے شرکت کرنے والے طلباء اور اسکاؤٹس کے جذبے اور ڈسپلن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں میں قیادت اور خود انحصاری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔

