متحدہ عرب امارات کا ہیٹی میں انسانی امداد کیلئے 10 ملین ڈالرامداد کا اعلان

news 1789318130 1324



news 1789318130 1324

(24 نیوز)متحدہ عرب امارات نے ہیٹی میں انسانی امداد کے لیے 10 ملین ڈالر مختص کر دیئے۔

 متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایات اور الظفرہ ریجن کے حکمران کے نمائندے اور امارات ریڈ کریسنٹ اتھارٹی (ERC) کے چیئرمین شیخ حمدان بن زاید آل نہیان کی نگرانی میں متحدہ عرب امارات ہیٹی میں انسانی بحران سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 10 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کر رہا ہے۔

یہ امداد امارات ریڈ کریسنٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جس میں خوراک کی بنیادی اشیا، رہائش کے لیے ضروری سامان، صحت، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ادویات، طبی سامان اور آلات شامل ہوں گے۔

امدادی پروگرام کا مقصد ہیٹی میں اندرونِ ملک بے گھر ہونے والے افراد اور سب سے زیادہ کمزور طبقات کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنا بھی ہے، یہ امدادی پروگرام بیرونِ ملک متحدہ عرب امارات کے مشنز، بین الاقوامی تنظیموں اور متعلقہ انسانی امدادی اداروں کے تعاون اور رابطے سے نافذ کیا جائے گا۔

اس سے زمینی سطح پر رابطہ کاری بہتر بنانے، ترجیحات اور حقیقی ضروریات کا تعین کرنے اور امداد کو زیادہ ضرورت مند افراد اور علاقوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ امارات ریڈ کریسنٹ نے بتایا ہےکہ امدادی پروگرام کے نفاذ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پہلے مرحلے میں خوراک، رہائش، صحت، پانی اور صفائی کی فوری ضروریات پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مقامی اداروں اور انسانی امدادی شراکت داروں کی صلاحیتوں کو بھی مضبوط کیا جائے گا تاکہ بڑھتے ہوئے تشدد اور وسیع پیمانے پر نقل مکانی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی، سکیورٹی اور لاجسٹک مسائل سے نمٹا جا سکے۔

امارات ریڈ کریسنٹ نے کہا کہ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہیٹی کی انسانی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ بدلتی ہوئی ضروریات کی نشاندہی کی جا سکے اور بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔

واضح رہے کہ ہیٹی اس وقت شدید انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے، جس کی بڑی وجوہات بڑھتا ہوا تشدد، عدم تحفظ اور بنیادی سہولیات کی کمی ہیں، تازہ بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق ہیٹی میں 10 لاکھ سے زائد افراد اندرونِ ملک بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں تقریباً نصف بچے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہے اور انہیں فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد میں ٹیلی فونک رابطہ





Source link

متعلقہ پوسٹ