امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین کو الگ الگ واقعے میں بیدردی سے قتل کردیا گیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہولناک واقعہ 28 اگست کو کیلیفورنیا کے شہر ملپٹاس میں واقع ایک اپارٹمنٹس میں پیش آیا۔ مقتولین کی شناخت 40 سالہ این میری میتھیو اور 35 سالہ انجانا ہری کے نام سے ہوئی تھی۔
انجانا 2021 میں امریکا منتقل ہوئی تھیں اور کیلیفورنیا میں ایک اسکول ٹیچر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ ان کے شوہر وجیش سافٹ ویئر انجینئر ہیں جبکہ ان کی ایک 6 سالہ بیٹی ہے۔
این میری میتھیو امریکا میں ایک اسکول میں کمپیوٹر ٹیچر کے طور پر کام کرتی تھیں۔ وہ جیکب نامی شخص کی اہلیہ تھیں اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔
دونوں خواتین کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت سے تھا اور دونوں بہت گہری دوست تھیں۔ ایک کو ٹریفک حادثے میں جبکہ دوسری کو چاقو کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کو پہلے واقعے میں ڈکسن لینڈنگ روڈ کے قریب ’’ہٹ اینڈ رن‘‘ کی اطلاع ملی تھی۔ جائے وقوعہ پر اپارٹمنٹ کمپلیکس کی پارکنگ میں ایک خاتون شدید زخمی حالت میں ملی تھی جو علاج کے دوران دم توڑ گئیں۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ایک نیلی ایس یو وی خاتون کو ٹکر مارنے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگئی۔ بعد میں پولیس نے گاڑی کو قریبی پارکنگ سے تلاش کرکے اس کی 32 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
اس کے بعد دوسرے واقعے میں ایک اورخاتون این میری میتھیو کو مبینہ طور پر ان کے اپارٹمنٹ کے اندر چاقو کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔ مرنے والی خاتون گاڑی کی ٹکر سے مرنے والی خاتون کی دوست نکلیں۔
ان دونوں کیسز میں ایک ہی شخص کے ملوث ہونے کے شک پر کی گئی تفتیش میں گاڑی سے ٹکر مارنے والی 32 سالہ خاتون سے مزید پوچھ گچھ کی تو اس نے ہوشربا نکشافات کیے۔
حراست میں لی گئی خاتون کی شناخت انیلا کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بھی کیرالہ سے ہی ہے اور وہ ان دونوں خواتین کی دوست بھی تھی اور اپنے خاندان کے ساتھ اسی اپارٹمنٹ کمپلیکس میں رہتی تھی۔
ایک خاتون کو ٹریفک حادثے میں اور دوسری کو چھری سے قتل کرنے والی خاتون ان دونوں کی مشترکہ سہیلی تھی اور اپنے خاندان کے ہمراہ اسی اپارٹمنٹ میں رہتی تھی۔
تاہم پولیس نے تاحال اس بات کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں کہ دونوں خواتین کے قتل میں انیلا کا مبینہ کردار کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق قتل سے چند روز قبل تینوں خواتین نے اپنے خاندانوں کے ساتھ اونم کا تہوار بھی منایا تھا۔
پولیس نے واقعے کو قتل قرار دیا ہے تاہم دونوں خواتین کو قتل کیے جانے کی اصل وجہ یا ملزمہ کے مبینہ محرک کا تاحال تعین نہیں ہوسکا۔
تحقیقاتی ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور پولیس کی جانب سے مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

