کراچی:
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے اٹلس ہونڈا کے رجسٹرڈ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں جعلی اشیاء اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری بھی ضبط کرلی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات پر ایف آئی اے ٹیم نے سائٹ ایریا کے علاقے میٹروول تھری میں کارروائی کی۔ چھاپہ اٹلس ہونڈا کے مجاز نمائندے غلام مرتضیٰ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر مارا گیا۔
شکایت میں اٹلس ہونڈا کے رجسٹرڈ کاپی رائٹ اور مصنوعات کے آرٹسٹک ورک کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران کاپی رائٹ کی خلاف ورزی سے متعلق اشیاء، مشینری اور آلات قبضے میں لے کر تین ملزمان سید آصف علی، سید انس علی اور سید اسفند علی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل منتقل کردیا گیا ہے۔

