ایشین اسکواش چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی مینز ٹیم کو مبارکباد

squash1791972317 0



وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے بین الصوبائی رابطہ مہرین ساجد اور سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم کو دلی مبارکباد دی ہے۔

اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے ہفتے کی شب جنوبی کوریا کو 0-2 سے شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اسکواش میں ملک کی شاندار روایات کو مزید آگے بڑھایا۔

وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر اور سیکرٹری نے فائنل میں نور زمان اور محمد عاصم خان کی شاندار کارکردگی کو سراہا، جنہوں نے اپنی عمدہ کھیل کی بدولت پاکستان کو اہم کامیابی دلائی۔ نور زمان نے جنوبی کوریا کے جیونگ من ریو کو 5-11، 7-11، 11-13 جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 6-11، 5-11، 4-11 سے شکست دے کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی قومی کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں، عزم، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر ایشین ٹائٹل جیتنے سے اس کامیابی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور اس سے عالمی سطح پر اسکواش میں پاکستان کی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو معیاری تربیتی سہولیات، جدید انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

پاکستان کی کامیابی پر مصحف اسکواش کمپلیکس میں جشن کا سماں بھی دیکھنے میں آیا۔ میچ دیکھنے کے لیے موجود پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ملازمین اور دیگر شائقین نے قومی ٹیم کی فتح پر خوشی سے جھومتے ہوئے روایتی بھنگڑا ڈالا، رقص کیا اور بھرپور انداز میں جشن منایا۔ اس موقع پر شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا اور قومی ٹیم کی کامیابی پر ہر طرف خوشی اور قومی فخر کا اظہار کیا گیا۔

دریں اثنا، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام سمیت بورڈ کے دیگر افسران اور ملازمین نے بھی قومی مینز اسکواش ٹیم، کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اس فتح کو ملک کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم کی یہ کامیابی پاکستان اسکواش کے لیے مزید کامیابیوں کی راہ ہموار کرے گی۔

واضح رہے کہ 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ ہفتے کو اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ خواتین کے ایونٹ میں ہانگ کانگ چین نے ملائیشیا کو 1-2 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا، جبکہ مینز ایونٹ میں جنوبی کوریا اور ویمنز ایونٹ میں ملائیشیا نے سلور میڈلز حاصل کیے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ