مکہ دفاعی اتحاد اسلامی دنیا کے لیے اہم پیغام ہے، ترک صدر اردوان

2666213 erdogan 1720710563


انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے اور اس کے مثبت اثرات مستقبل میں سامنے آئیں گے۔

ترک صدر نے ترکیہ کے صوبے سامسون میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مل کر ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت جاری ہے۔

اردوان نے کہا کہ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش مشکلات پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں جاری بحرانوں کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ترک صدر نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ وہاں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے بقول صرف ہرمز ہی نہیں بلکہ خلیج کے کئی حصوں میں بھی سنگین نوعیت کی مشکلات موجود ہیں۔

مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست میں کیا تھا، جس کے تحت کسی ایک رکن پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کرنے اور اجتماعی دفاع کے اصول پر اتفاق کیا گیا ہے۔ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران اس معاہدے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

ترکیہ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ دفاعی تعاون کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ معاہدے میں مستقبل میں دیگر دوست ممالک کی شمولیت کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ