لاہور:
سابقہ اہلیہ کو نجی تصاویر اور ویڈیوز سے بلیک میل کرنے والے شخص سمیت سائبر بلیک میلنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی خصوصی ہدایات پر سائبر بلیک میلنگ کے خلاف مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
این سی سی آئی اے کی ٹیم نے لاہور سے ایک، فیصل آباد سے 2 جبکہ ملتان سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔
لاہور سے گرفتار ملزم افتخار پر الزام ہے کہ وہ اپنی سابق اہلیہ کو نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث تھا۔ اسی طرح فیصل آباد سے محمد آصف اور محمد عرفان کو واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
ملتان میں کارروائی کے دوران خواتین کو الیکٹرانک ذرائع سے ہراساں کرنے کے الزام میں محمد شعیب، محمد سالار اور احمد علی کو گرفتار کیا گیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے ہیں، جن کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔

