مکہ مکرمہ کے قریب حوثی ڈرون مار گرایا گیا، سعودی عرب کی سخت وارننگ


ریاض،
سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ کی سمت آنے والا ایک ڈرون مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل مار گرایا۔ سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کے مطابق یہ کارروائی 15 ستمبر کی شام تقریباً 6:50 بجے مکہ کے جنوب میں کی گئی، جہاں ڈرون کا ملبہ گرا۔
المالکی نے اسے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی دوسری کوشش قرار دیا، اور کہا کہ حرمین شریفین اور زائرین کی سلامتی سعودی عرب کے لیے "ریڈ لائن” ہے۔ دوسری جانب حوثی سیاسی دفتر کے رکن حازم الاسد نے مکہ یا کسی بھی مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی تردید کی۔
واقعے کے بعد مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف میں مختصر مدت کے لیے سکیورٹی الرٹس جاری کیے گئے، جو بعد میں خطرہ ٹلنے پر ختم کردیے گئے۔ ایک روز قبل حوثی حملوں میں خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔ یہ واقعہ یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بحیرہ احمر میں حوثی سرگرمیوں میں اضافے کے پس منظر میں پیش آیا۔ تنظیم تعاون اسلامی (OIC) نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ