گھر کی دیواریں اور فرش کھودتے ہی کروڑوں روپے نکل آئے، پولیس بھی دنگ رہ گئی
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی رقم ملک کے ’جسٹس فنڈ‘ میں جمع کرائی جائے گی
اٹلی میں مافیا کے خلاف بڑے آپریشن کے دوران پولیس نے ایک اپارٹمنٹ کی دیواروں، فرش اور فرنیچر میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 32 لاکھ یورو یعنی تقریباً 36 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم برآمد کرکے 34 افراد کو گرفتار کرلیا۔
یہ کارروائی نیپلز کے علاقے کائیوانو میں علی الصبح کی گئی۔ اطالوی اینٹی مافیا حکام کے مطابق گھر سے ملنے والی رقم 50 یورو کے نوٹوں کی صورت میں چھپائی گئی تھی، جنہیں پلاسٹک میں لپیٹ کر فرش اور دیواروں کی ٹائلوں کے نیچے قطاروں میں رکھا گیا تھا، جبکہ کچھ رقم الماریوں کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔
پولیس اہلکاروں نے برآمد ہونے والی رقم پلاسٹک کی بالٹیوں میں منتقل کی اور بعد ازاں اسے بکتر بند گاڑی کے ذریعے لے جایا گیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 11 قیمتی رولیکس گھڑیاں، اسلحہ اور منشیات کی مبینہ خرید و فروخت میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا۔
اطالوی حکام کے مطابق یہ چھاپہ کئی ماہ سے جاری اینٹی مافیا تحقیقات کا نتیجہ تھا، جس کی قیادت نیپلز کے اینٹی مافیا پراسیکیوٹر نکولا گراٹیری نے کی۔ تحقیقات کے دوران جیل میں قید مبینہ مافیا ارکان کے موبائل فونز کی نگرانی بھی کی گئی، جو مبینہ طور پر ان کے رشتہ دار جیل کے اندر پہنچاتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں کو اہم معلومات ایسے مخبروں سے ملیں جنہوں نے تحفظ کے بدلے پراسیکیوٹرز کے سامنے شواہد فراہم کیے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد مبینہ طور پر بدنام زمانہ اینجلینو مافیا گروپ سے وابستہ ہیں، جس نے کائیوانو میں اس حد تک اثر و رسوخ قائم کرلیا تھا کہ گزشتہ سال مقامی حکومت کو عدالتی انتظام کے تحت دے دیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی رقم ملک کے ’جسٹس فنڈ‘ میں جمع کرائی جائے گی، جو منظم جرائم کے متاثرین کی مدد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اینٹی مافیا پراسیکیوٹر گراٹیری نے کارروائی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک گھر سے 32 لاکھ یورو نقد اور قیمتی گھڑیوں کی برآمدگی اس آپریشن کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمد شدہ رقم سے نیپلز میں ایک سال کی فون ٹیپنگ کے اخراجات پورے ہوسکتے ہیں اور منظم جرائم کے خلاف مزید کارروائیوں کے لیے اس نوعیت کی نگرانی ضروری ہے۔

