
(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر منچیریال میں یوٹیوب نیوز چینل کے 45 سالہ معروف رپورٹر ویدیا موہن گھر میں مبینہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے، پولیس نے واقعے کے بعد ان کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا۔
راماگنڈم کے پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو قتل کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد اہلکار موقع پر پہنچے اور ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ویدیا موہن پر منگل کی صبح سویرے گھریلو تنازع کے دوران مبینہ طور پر روکا لی بانڈا (پیسنے یا کوٹنے کے لیے استعمال ہونے والا روایتی پتھر) سے حملہ کیا گیا۔
حملے کےباعث شدید چوٹیں آنے کے باعث ویدیا موہن جانبر نہ ہوسکے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش سے اشارہ ملتا ہے کہ جان لیوا حملے کی وجہ ممکنہ طور پر گھریلو تنازع ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:لاہور: ساندہ میں18 سالہ لڑکی کے قاتل اہلخانہ نکلے
تاہم قتل کی اصل وجہ اور واقعے سے پہلے پیش آنے والے واقعات کی مکمل تفصیل ابھی سامنے نہیں آسکی۔
ویدیا موہن اور ان کی اہلیہ جمنا کی شادی کو تقریباً 20 سال ہوچکے تھے، واقعے کے وقت ان کی 17 سالہ بیٹی سندھو بھی گھر میں موجود تھی۔
پولیس نے اہلخانہ سمیت دیگر افراد سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کو حراست میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔
تاہم قتل سے متعلق الزامات ابھی تفتیش کے مرحلے میں ہیں اور حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

