
(24نیوز)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو امریکا کی جانب سے پیش کئے گئے 7 روزہ اعتماد سازی منصوبے پر واشنگٹن کا جواب موصول ہوگیا ، قطری ثالثوں سے دوحہ میں ملاقات کے بعد عراقچی اس معاملے پر تہران میں ایرانی قیادت سے مشاورت کریں گے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے باخبر ایک ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ عباس عراقچی نے گزشتہ رات دوحہ میں قطری ثالثوں سے ملاقات کی جہاں انہیں ایران کی جانب سے پیش کئے گئے سات روزہ منصوبے پر امریکی مؤقف سے آگاہ کیا گیا، عراقچی آج تہران پہنچ کر اس جواب پر بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بنیادی اختلاف منصوبے پر عملدرآمد کی ترتیب سے متعلق ہے، سات روزہ منصوبے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال کرنا اور جون میں طے پانے والی امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کو مزید بہتر شکل میں دوبارہ نافذ کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ایران نے اس سے قبل قطر کے ذریعے امریکا کو ایک منصوبہ پیش کیا تھا، جس کے تحت تہران نے شرائط پوری ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو 7 دن کے اندر معمول کی بحری آمدورفت کیلئے کھولنے اور اس کے بعد وسیع تر مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی تھی۔
ایرانی وزیر خارجہ کا مؤقف رہا ہے کہ تہران واشنگٹن کے حتمی جواب کا انتظار کر رہا ہے اور مذاکرات میں پیشرفت ایران کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ایرانی تجویز کو مسترد قرار دیا تھا تاہم قطر کے ذریعے دونوں فریقوں کے درمیان بالواسطہ رابطے جاری ہیں۔

