اسلام آباد میں ’’یادگار فتح‘‘ کی تقریب رونمائی، جدید ٹیکنالوجی سے شاندار مظاہرہ
تقریب کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روشنی، موسیقی اور فن تعمیر کا حسین امتزاج دکھایا گیا۔
اسلام آباد: معرکہ حق میں عظیم کامیابی کی علامت ’’یادگار فتح‘‘ کی تقریب رونمائی اسلام آباد میں ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاع وطن کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران یادگار فتح پر دلکش نقشہ بندی پیش کی گئی جس میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روشنی، موسیقی اور فن تعمیر کا حسین امتزاج دکھایا گیا۔
یادگار فتح کو جدید ٹیکنالوجی اور فن تعمیر کا شاہکار قرار دیا جارہا ہے جو قومی عزم اور دفاع وطن کے جذبے کی علامت کے طور پر تعمیر کی گئی ہے۔
تقریب میں یادگار فتح کی تعمیر کی کہانی بھی پیش کی گئی جس کے ذریعے شرکا کو یادگار کے قیام کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا گیا۔
یادگار فتح میں جدید نقشہ بندی کا نظام نصب کیا گیا ہے جس کی مدد سے یادگار کی سطح پر مختلف مناظر اور تصاویر روشنی کے ذریعے پیش کی جاتی ہیں۔
تقریب میں شہریوں کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جب کہ شرکا نے یادگار کے مختلف حصوں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش کیے جانے والے مظاہرے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
یادگار فتح پر روشنی اور موسیقی کے امتزاج سے پیش کیے جانے والے مظاہرے نے تقریب کو مزید پُراثر بنادیا جب کہ جدید فن تعمیر نے یادگار کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا۔

