جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں ہفتے کو انڈیا نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا جبکہ پاکستان کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔
انڈین کپتان شریاس ایئر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد انڈیا نے مقررہ اووزر میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔
انڈیا کے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر محض 192 رنز بنا سکا۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز 96 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ صائم ایوب نے 29 اور معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انڈیا کی اننگز میں ابھیشیک شرما نے 61 اور تلک ورما نے 51 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
دونوں ٹیمیں جمعرات کو سیمی فائنلز میں اپنے اپنے حریفوں کو بہ آسانی شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھیں۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ انڈیا نے سری لنکا کو 124 رنز سے ہرایا۔
فائنل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان نے کی۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو شامل کیا گیا، جن کا یہ ڈیبیو میچ تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جب کہ انڈین ٹیم میں فائنل کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود شامل تھے۔
انڈیا اور پاکستان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے صرف بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں ہی آمنے سامنے ہوتے ہیں اور حالیہ عرصے میں ہونے والے کئی میچوں میں کھلاڑیوں نے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ جاپان کے شہر نشین میں آج کھیلے جانے والے فائنل میچ میں بھی ٹاس سے قبل دونوں کپتانوں میں ایک بار پھر مصافحہ نہیں ہوا۔
کرکٹ کے دیوانے ملکوں کے درمیان ہونے والے میچز عام طور پر اپنے اپنے ملکوں میں ٹیلی ویژن پر کروڑوں ناظرین کو متوجہ کرتے ہیں۔

