کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ویسٹ کے تھانہ گلشن معمار کی حدود عمر بروہی گوٹھ میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، ترجمان ضلع ویسٹ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
زخمی ملزمان کی شناخت عبدالقادر ولد نیاز علی اور محمد نادر ولد کریم بخش کے ناموں سے ہوئی جبکہ عبدالسلام ولد عبدالستار نامی ملزم بھی گرفتاری کے بعد تھانے منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تیسرے ملزم کو تھانے منتقل کیا گیا۔ ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ادھر نیو کراچی میں پولیس نے سیکٹر 11-J میں سروس روڈ، پرانے آئیڈیل شادی ہال کے قریب ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم کاشف ولد شاہد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی عمر تقریباً 30 سے 32 سال ہے، جس کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں سمن آباد پولیس نے ڈی ٹی پٹی کچا پکا روڈ، بلاک 19 کے قریب دوران گشت مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم عبید اللہ خان ولد سلام خان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ 4 زندہ راؤنڈز اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری اور گرفتار ملزمان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی جانچ سمیت مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

