کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 5 زخمی حالت میں گرفتار

police operation1790551633 2



کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے متعدد مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک جبکہ 5 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

احمد گوٹھ میں تھانہ گلشن معمار کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد 2 ڈاکو عمیر ولد انور اور ابراہیم ولد فضل الرحمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔

تھانہ گلبرگ پولیس نے ایف بی ایریا بلاک 12، ندی کنارے ماما ہوٹل کے قریب مبینہ مقابلے میں اسلم ولد گل محمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق دوران پٹرولنگ مشکوک شخص کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں ملزم زخمی ہوگیا۔ ملزم سے بغیر نمبر کا 9 ایم ایم پستول، میگزین اور 2 زندہ راؤنڈز برآمد ہوئے، جبکہ اس کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

 

حیدری مارکیٹ پولیس نے کوثر نیازی کالونی بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کے قریب مبینہ مقابلے میں محمد سہیل ولد محمد اکبر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے ایک ساتھی نے فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ گرفتار ملزم سے 30 بور پستول، راؤنڈز، نقدی اور مبینہ طور پر چھینا گیا برگنڈی رنگ کا سام سنگ گلیکسی موبائل فون برآمد کیا گیا۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ادھر شاہین فورس جمشید ڈویژن اور فیروز آباد پولیس نے شہید ملت روڈ کے قریب ہاؤس روبری کی اطلاع پر کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق موقع پر پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے 3 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب ایس آئی یو اور سی آئی اے کراچی نے انتہائی مطلوب بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی کے اہم کارندے کی موجودگی کی اطلاع پر صالح محمد گوٹھ، تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں کارروائی کی۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی ہوا اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ہلاک ملزم کے قبضے سے پستول اور راؤنڈز برآمد ہوئے جبکہ اس کی شناخت اور مزید قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ